Islamic Stories (دینداروں کی مقبولیت)

Islamic Stories
Spread the love

Another Islamic Story to boost you Faith on Allah Almighty.. Share it with your Loved ones.

کسی شہر میں دو میاں بیوی رہتے تھے جو نہایت محتاج ، مگر دیندار اور دولت صبر و شکر کے تاجدار تھے ہر حال میں شکر خدا بجالاتے ایک مرتبہ جب چند روز تک کچھ کھانے کو میسر نہ آیا تو مرد نے اپنی عورت سے کہا، دو تین دن سے ہمارے گھر میں آگ تک نہیں جلی ایسا نہ ہو کہ ہمارے ہمسایوں کو ہمارا یہ حال معلوم ہو کر ملال ہو اور ہم ان کی نظروں میں حقیر معلوم ہونے لگیں

لہذا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ تم تنور میں آگ جلا دو تا کہ ہمسایوں کی یہ بدگمانی دور ہو جائے یہ سن کر اس نیک سیرت بیوی نے ایسا ہی کیا

تنور سے دھواں اٹھتا دیکھ کر کوئی پڑوسن آگ لینے آئی دیکھتی کیا ہے کہ سارا تنور روٹیوں سے بھر پور ہے یہ دیکھ کر اس نے اس نیک سیرت بیوی سے کہا کہ تنور میں روٹی لگا کر ایسی بے خبر ہو گئیں کہ پھر خبر بھی نہ لی

یہ سن کر گھر والی عورت نے جا کر دیکھا تو واقعتاً قدرت خداوندی کا عجیب تماشا نظر آیا اور تنور کو روٹیوں سے لبریز پایا جن کو نکال کر  شوہرکے سامنے لا رکھا اور وہ خود حیرت میں پڑگئی کہ یہ کیا ماجرا ہے؟

یہ دیکھ کر اس کے شوہر نے بتایا کہ اس میں حیرت اور تعجب کی کیا بات ہے؟ وہ قادر مطلق تو اس سے بھی زیادہ ہزاروں قدرتیں رکھتا ہے پھر سب گھر والوں نے خوب شکم سیر ہو کر روٹیاں کھائیں اور خدا کا شکر ادا کیا

اب عورت نے قرینے سے پہچانا کہ میرا شوہر صاحب کرامت ہے اور یہ سب کچھ اس کی قوت ایمانی کا ظہور ہے کہنے لگی ، جناب باری میں کوئی ایسی دعا کرو کہ وہ ہم کو کوئی ایسی چیز عنایت فرمادے جس سے دنیا کے روز روز کے فکر دور ہو جائیں اور فارغ البالی کے ساتھ ہم دن رات خدا کی عبادت میں لگے رہیں

شوہر نے کہا وہ ہمارے سب حال سے واقف ہے اور جو اس کے نزدیک بہتر ہوتا ہے اپنے بندوں کے ساتھ وہی کرتا ہے اس میں عرض معروض کی کیا حاجت ہے؟ مگر جب عورت نے زیادہ مجبور کیا تو ایک دن آخر شب میں جو اجابت دعا کا وقت ہے دعا کی

میرے مولا ! تو ہمارے حال سے اچھی طرح واقف ہے تیرے سامنے کسی بات کے عرض کرنے کی حاجت نہیں مگر تیری لونڈی نے مجھے مجبور کر دیا اگر تو چاہے تو اس کی امید پوری کر دے اور اس غلام کو اس کی کشاکشی سے نجات دے

چنانچہ اس کی دعا پر ایک طاق سے کوئی ہاتھ باہر نکلا جس میں ایسا روشن جو ہر تھا جس سے تمام گھر روشن ہو گیا پھر وہ ہاتھ غائب ہو کر طاق بند ہو گیا۔

یہ دیکھ کر شوہر نے بیوی کو جگایا کہ جلدی اٹھ خدا نے تیرے دل کی مراد پوری کر دی یہ سن کر وہ عورت جھنجھلاتی ہوئی بیدار ہوئی کہ مجھ کو کیوں جگایا ؟

میں تو ایک لطیف خواب دیکھ رہی تھی کہ جنت ہر طرح سے بھی ہوئی ہے اور اس میں ایک نہایت عمدہ مکان زر و جواہر سے بنا ہوا اس قدر مزین اور روشن ہے جو آفتاب عالم تاب کو شرماتا ہے اس کی زرق برق دیکھ کر میں کھوئی ہوئی تھی جب کچھ ہوش آنے پر میں نے پوچھا، یہ عالی شان مکان کس خوش نصیب کو ملے گا ؟

تو جواب ملا تم دونوں میاں بیوی کے لئے ہے یہ سن کر میری خوشی کی انتہاء نہ رہی پھر کیا دیکھتی ہوں کہ ایک روشن موتی اس مکان سے گم ہو گیا اور مکان بدنما اور بد زیبا معلوم ہونے لگا میں نے پوچھا، یہ کیا ہوا؟

جواب ملا کہ وہ روشن موتی جس سے تیرا مکان روشن تھا تیری خواہش کے مطابق دنیا میں چلا گیا جس قدر تو دنیا میں راحت و آرام اور رونق و آسودگی چاہے گی اسی قدر یہاں کی راحتوں میں کمی آجائے گی

یہ سن کر میں بد ہو اس ہو گئی اور دنیا کی لذت و آرام سے بے نیاز میں اس کشمکش میں تھی کہ تم نے مجھے جگا دیا لہذا بارگاہِ خداوندی میں پھر دعا کیجئے کہ یہ روشن موتی جہاں سے گم ہوا ہے پھر اپنے مقام پر چلا جائے کیونکہ دنیا کی راحت و بے ثباتی پر باقی مکان کو ناقص بنا دینا سخت حماقت ہے

چنانچہ اس کے شوہر نے پھر کمال و گریہ وزاری سے عرض کیا کہ خداوند تو بڑا رحیم و حکیم ہے تو نے اپنی لونڈی کو جنت کی لذتوں کا مزا چکھا کر دنیاوی لذتوں سے چھڑا دیا اور اس طرح ایک مخالف کو موافق بنا دیا میں تیری اس عنایت کا کس زبان و دل سے شکر ادا کر سکتا ہوں؟

تواچانک اسی طاق سے پھر ایک ہاتھ ظاہر ہوا اور اس روشن گوہر کو لے جا کر اس کے مقام پر پہنچا دیا۔ سبحان اللہ

حاصل

 اللہ کی کیا عجیب قدرت ہے کہ اپنے فرمانبردار بندوں کو دنیا ہی میں جنت کے دیدار سے مشرف فرما دیتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس واقعہ سے سبق حاصل کر کے آخرت کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین یا رب العالمین ۔

(بحوالہ حکایات الصالحین )

 

If you want to read Urdu Islamic Stories You can read: Urdu Stories

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *